ٹریڈ اینڈ انڈسٹریسیکٹورل
تازہ ترین

گلوبل سسٹین ایبل اکنامک کانفرنس 26 نومبرسے نیروبی میں شروع ہوگی، کراچی چیمبر کو شرکت کی دعوت

کراچی چیمبر کینیا میں سنگل کنٹری نمائش کیلیے ٹی ڈی اے پی سے رابطہ کرے گا، جنید ماکڈا

کراچی: کینیا کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کیبیٹ بیٹوک نے کراچی چیمبر کو نیرونی میں 26سے28نومبر 2018تک منعقد ہونے والی ’’ گلوبل سسٹین ایبل بلیو اکنامک کانفرنس‘‘ میں شرکت کیلئے باضابطہ دعوت دی ہے جس میں دنیا بھر سے 6 ہزار وفود شرکت کریں گے۔

ایوان صنعت و تجارت کراچی (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر عہدیدران اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ کانفرنس یورپی یونین اور جاپان کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے جو سمندری معیشت بشمول فشریز ، میری ٹائم، شپنگ و لاجسٹک و دیگر کا احاطہ کرے گی نیز کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کو ایک مکمل پلیٹ فارم مسیر آنے کے ساتھ ساتھ ان کی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔

اجلاس میں کینیا کے اعزازی قونصل جنرل محمد حنیف جانو ، کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا، سینئر نائب صدر خرم شہزاد، نائب صدرآصف شیخ جاوید اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔

کینیا کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کیبیٹ بیٹوک نے پاکستان اور کینیا کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت پر تبصرہ کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ دونوں ممالک کو دیگر شعبوں کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پاکستانی چاول اور کینیا کی چائے کی دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی جارہی ہے۔کینیا کے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے مابین سیاحت کے فروغ اور تاجربرادری کے درمیان رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا جو موجودہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔ انہوں نے نیروبی میں پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر بھی زور دیا تاکہ پاکستان کی تاجربرادری کی خدمات اور مصنوعات کے بارے میں کینیا کی تاجربرادری کو آگاہی فراہم کی جاسکے ۔انہوں نے کے سی سی آئی کے عہدیدران کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ نئے عہدیدار پاکستان اور کینیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں مخلصی کے ساتھ کوششیں کریں گے۔

کینیا کے اعزازی قونصل جنرل و سابق صدر کراچی چیمبر محمد حنیف جانو نے کہا کہ کینیا کا دورہ کرنے کا ارادرہ رکھنے والوں کو آن لائن سہل طریقہ کارکے ذریعے 24گھنٹوں کے اندر ویزہ جاری کردیا جاتا ہے تاہم اگر ویزہ کے اجراء میں کسی بھی شخص کو پریشانی کا سامنا ہو تو وہ مجھ سے رابطہ کریں اور میں یقین دہانی کروں گا کہ مطلو بہ ویزہ بروقت جاری کیا جائے۔

کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے بلیو اکنامک کانفرنس میں کے سی سی آئی کے وفد کو بھیجنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایونٹ کے بارے میں مزید معلومات دریافت کیں۔انہوں نے کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی یقین دہانی کروائی جس سے کراچی کی تاجر برادری کو درست پارٹنر کو تلاش کرنے کے علاوہ کینیا کے ساتھ تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر نیروبی میں سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے رابطہ کرے گا جو بلیو اکنامک کانفرنس کے ساتھ ساتھ منعقد کی جاسکتی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات اور خدمات کو زیادہ سے زیادہ تشہیر کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ کے سی سی آئی کینیا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کا خواہاں ہے ۔

ہمیں یقین ہے کہ کینیا جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے سے پاکستان کو معاشی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی جو خوشحالی یقینی بنانے اور ہر ایک کے لیے جیت کی صورتحال پیدا کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی تاجربرداری کو ایک دوسرے کے زیادہ قریب لانے کے لیے کے سی سی آئی کینیا کی حکومت اور کینیا کے چیمبرزکے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کرنے کا خواہش مند ہے جو دونوں ملکوں کے حق میں ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے پاکستان اورکینیا کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور تجارتی وفود کے تبادلے پر زور دیا جو تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور دونوں ممالک کی اقتصادی خوشحالی یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

ٹیگس

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Alert: Content is protected !!
Close