ٹریڈ اینڈ انڈسٹری

کراچی چیمبر نے وفاق کو فائنل ٹیکس ریجیم کی بحالی پر قائل کرلیا

حکومت فائلرز کو خصوصی مراعات دیگی، گیس ٹیرف پر قابل قبول فارمولا طے کیا جائے گا، اسد عمر کی کراچی چیمبر کے اعلٰی سطحی وفد سے ملاقات

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی اُمور اسد عمر نے اسلام آباد میں کراچی چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کمرشل امپورٹرز کی فائنل ٹیکس ریجیم کو بحال کرنے پراتفاق کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ کمرشل امپورٹرز کو فائنل ٹیکس ریجیم کے تحت 6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ادا کرنے کے بعدآڈٹ سے استثنٰی حاصل تھا تاہم وفاقی بجٹ 2018-19 میں اس ریجیم کو کم از کم ٹیکس سے تبدیل کردیا گیاجسے دوبارہ اُسی سطح پر بحال کردیا جائے گا جہاں وفاقی بجٹ 2018-19سے قبل تھا۔

کراچی چیمبر کے وفد کی سربراہی بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی کررہے تھے ان کے ہمراہ نائب چیئرمین بی ایم جی و سابق صدور کے سی سی آئی ہارون فاروقی اور انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک، کے سی سی آئی کے تائید کنندہ صدر جنید اسماعیل ماکڈا اور سابق سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی بھی شامل تھے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کراچی چیمبر کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ٹیکس ریفارمز کمیشن کی جانب سے دی گئی تجاویز پر اگلے ایک ماہ میں حقیقی معنوں میں عملدرآمد کردیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ریگیو لیٹری ڈیوٹی کو ریونیو حاصل کرنے کے اقدام کی حیثیت سے نافذ نہیں کیا جائے گا تاہم اس پر غور صرف مقامی انڈسٹری کے مفادات کو تحفظ دینے کے لئے کیا جائے گا جس کا نفاذ وزارت کامرس، وزارت انڈسٹریز، وزارت ٹیکسٹائل اور وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے دی گئی سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔

حکومت کے نان فائلز کو گاڑیاں اور جائیداد خریدنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت فائلرز کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینا چاہتی ہے جبکہ نان فائلرز کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے لہذا اس مسئلے کا حل نکالا جارہا ہے اور اس سلسلے میں کوئی ایسے خصوصی اقدامات متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے جن سے صرف ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کو سہولت مہیا ہو سکے۔

اس سلسلے میں انھوں نے کراچی چیمبر کے وفد کی جانب سے دی گئی تجاویز کو سراہا جس میں وزیر خزانہ کو مشورہ دیا گیا کہ ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کو نان فائلر ہونے کے باوجود باضابطہ بینکنگ چینل کے ذریعے بھیجی گئی غیر ملکی کرنسی کی ترسیلات سے گاڑیاں اور جائداد خریدنے کی اجازت دی جائے ۔

ٹیگس

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Alert: Content is protected !!
Close